جنوبی ایشیا کے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انگلینڈ کے کرکٹر معین علی کے ایک ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ گردش کر رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ بھارت میں اس وقت تک دوسرا میچ نہیں کھیلیں گے جب تک کہ بھارت حکمران جماعت کی ترجمان کے پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں متنازع ریمارکس پر معافی نہیں مانگتا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی خبر کے مطابق تاہم، یہ دعویٰ غلط ہے، جس اکاؤنٹ سے یہ ٹوئٹ شیئر کیا گیا تھا اسے معطل کر دیا گیا ہے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ اکاؤنٹ جعلی تھا۔
اسکرین شاٹ 8 جون 2022 کو ایک فیس بک پوسٹ میں شیئر کیا گیا تھا۔
اس سکرین شاٹ میں ‘معین منیر علی’ کی ایک ٹوئٹ دکھائی دیتی ہے جس میں لکھا گیا تھا کہ ‘اگر بھارت اپنے توہین رسالت کے بیان پر معافی نہیں مانگتا تو میں دوبارہ کبھی میچ کھیلنے بھارت نہیں جاؤں گا، میں اندین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا بھی بائیکاٹ کروں گا۔’