ہرارے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے بغیر وکٹ گنوائے 103 رنز

0
561

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے جہاں قومی ٹیم نے پہلے دن کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 103 رنز بنالیے، جبکہ خسارہ کم کرنے میں اسے مزید 73 رنز درکار ہیں۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز اب تک بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنالیے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے قبل ہوم ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستانی بولرز نے کمزور حریف زمبابوے کے بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

پاکستانی فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے زمبابوین بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔

دونوں اسٹار بولرز نے 4، 4 وکٹیں بھی حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ نعمان علی کے حصے میں آئی۔

زمبابوے کی جانب سے روئے کائیا 48، ڈونلڈ ٹریپانو 28  اور ملٹن شومبا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ سریز سے قبل قومی ٹیم نے زمبابوے کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔