خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر قومی ٹی 20 چیمپئن شپ جیت لی

0
876

خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی 20 چیمپیئن شپ کے فائنل میں فخر زمان اور شعیب ملک کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت سدرن پنجاب کو 10رنز سے شکست دے کر قومی ٹی 20 چیمپیئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جس پر خیبرپختونخوا کے اوپنر فخر زمان اور محمد رضوان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 76رنز کا آغاز فراہم کیا، محمد رضوان نے 25 جبکہ فخر زمان نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

جس کے بعد شعیب ملک اور محمد حفیظ نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی شراکت کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور 200 سے زائد پہنچا دیا۔

شعیب ملک نے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز جبکہ محمد حفیظ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یوں خیبرپختونخوا نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور سدرن پنجاب کے زاہد محمود، عامر یامین اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جس کے بعد 207 کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کے ابتدائی 3 کھلاڑی محض 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

جس کے بعد حسین طلعت نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور خوشدل کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔

میچ کے اختتامی اوورز میں محمد عمران نے 13 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

سدرن پنجاب کے فاسٹ بولز شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ میں شاندار نصف سینچری اور باؤنڈری لائن پر حسین طلعت کا شاندار کیچ پکڑنے پر شعیب ملک کو مین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایونٹ کی فاتح ٹیم خیبرپختونخوا کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم اور ٹرافی کی حقدار ٹھہری جبکہ سدرن پنجاب کو 25 لاکھ روپے اور رنرز اپ ٹرافی حاصل ہوئی۔

خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 10 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کر کے ایونٹ کے بہترین بولر قرار پائے جبکہ 12 میچوں میں 420 رنز اسکور کرنے والے فخر زمان ایونٹ کا بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔