کرکٹ کھیلنے کی اہلخانہ کی طرف سے مکمل آزادی ملی،دانش عزیز

0
945

ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت دورہ جنوبی افریقا کے لئے پاکستان اسکواڈ میں شامل ہونے والے آل راؤنڈر دانش عزیز نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا میں ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دانش عزیز کے پیغام کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں نوجوان کرکٹر نے کہا کہ کرکٹ کے شوق کی وجہ سے اہلخانہ کی طرف سے مکمل آزادی تھی کھیلنے کی۔ میرا بڑا بھائی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتا ہے۔ آہستہ آہستہ اس مقام پر پہنچا ہوں۔

دانش عزیز نے مزید کہا کہ جنوبی افریقا میں ماحول بہت اچھا ہے اور ٹریننگ کیمپ بھی اچھا چلا۔ بیٹنگ،بالنگ اور فیلڈنگ سب چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ قومی ٹیم کے تمام کوچز اچھی پریکٹس کرا رہے ہیں۔

نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ محنت اور کوشش کریں ساتھ ہی اچھی کارکردگی دکھائیں تو انشا ﷲ ضرور موقع ملتا ہے۔ کوشش ہے جب بھی موقع ملا تو اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

ویڈیو میں پریکٹس کے دوران دانش عزیز کے پُراعتماد اور اونچے شاٹس کی بیٹنگ کوچ یونس خان تعریف کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔