ٹیموں کے میچ کا اعلان PSL گوادر اسٹیڈیم میں

0
1031

 دنیا کے خوبصورت ترین کرکٹ اسٹیڈیم گوادر میں پی ایس ایل کی دو ‏ٹیموں کا میچ کھیلا جائے گا۔

معروف ٹی وی اینکر اور گلوکار فخر عالم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بعد 25 مارچ کو گوادر کے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کرایا جائے گا۔

فخر عالم کی جانب سے ٹوئٹر پرجاری اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا گیا ہے کہ گوادر میں ہم نے سپر کپ کا میچ کرایا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او بھی کھیلے اور وہاں کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ میری کوشش تھی کہ پی ایس ایل 6 کا کوئی میچ گوادر میں کرایا جائے تاہم یہ گراؤنڈ ابھی آئی سی سی کے کچھ قوانین کے مطابق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلوچستان حکومت کو باقاعدہ طور پر میچ کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔

فخر عالم کے ویڈیو پیغام پر جام کمال نے جواب دیتے ہوئے میچ کے انعقاد کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔

فخر عالم نے جام کمال کے ٹوئٹ پر جواباً کہا کہ وہ امید کرتے ہیں جام کمال بھی ایونٹ میں شرکت کریں گے، اور میچ کے بعد ساحلِ سمندر پر سجی کی دعوت بھی کریں گے۔