فیفا ورلڈ کپ میں میسی کے کہے الفاظ کے ذریعے کاروبار ہونے لگا

0
276

جمعہ کی شب فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کے بعد لیونل میسی کی جانب سے ڈچ کھلاڑی پر 2022کیے گئے طنز کے الفاظ کو ارجنٹینا میں خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کے بعد لیونل میسی رپورٹر سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران انہوں نے ڈچ کھلاڑی ویگ ہورسٹ (Wout Weghorst) کو دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بیوقوف تم کیا دیکھ رہے ہو، دفعہ ہوجاؤ‘۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کے ان لفظوں کو ارجنٹینا میں اتنا پسند کیا جارہا ہے کہ انہیں کیپس اور ٹی شرٹس پر لکھ کر فروخت کیا جارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بازار میں مختلف اشیاء پر لیونل میسی کی تصویر کے ساتھ ان کے جملوں کو لکھ کر فروخت کیا جارہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کےمطابق ارجنٹینا میں ان کپس کو 9 ڈالر جبکہ ٹی شرٹس کو 17 ڈالر اور کیپس کو 23 ڈالرز تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔

مقامی ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ میسی کے الفاظ وائرل ہونے کی وجہ سے ہم نے فوراً ہی ٹی شرٹس بنالیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میسی نے جو زبان استعمال کی ہے وہ یہاں کی سڑکوں پر سنی جانے والی زبان سے نرم ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ فٹ بال کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو پنالٹی ککس پر چار تین کے اسکور سے ہرا دیا تھا، مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں دو، دو جبکہ اضافی وقت میں کوئی گول نہ کرسکی تھیں۔

نیدرلینڈز کے دونوں گول ویگ ہورسٹ نے 83 ویں منٹ اور کھیل کے بالکل آخری لمحات میں کیے تھے۔