علیم ڈار کے جشن کے اسٹائل کے چرچے

0
798

دنیائے کرکٹ پاکستان کے مایہ ناز امپائر علیم ڈار پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے کے دوران اپنا فیصلہ درست ہونے پر پرجوش ہوگئے اور مکّا لہرا کر اپنے فیصلے کے درست ہونے کا جشن منایا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر علیم ڈار کے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا ریویو مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کرنے کے اسٹائل کے خوب چرچے ہیں۔

 علیم ڈار کے اس اسٹائل سے سوشل میڈیا صارفین کو میمز بنانے کا نیا موقع مل گیا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے  اس پر پُرمزاح چٹکلے شیئر کیے جارہے ہیں۔

عام طور پر امپائرز کی جانب سے ایسے خوش ہونے کے انداز کم ہی دیکھے جاتے ہیں، اس وجہ سے بھی شائقین کرکٹ میچ کے دوران اس منفرد سین سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ایک صارف نے علیم ڈار کی مذکورہ تصویر پر کیپشن لکھا کہ ’میرے والدین جب مجھے دوستوں کے ساتھ باہر جانے کی اجازت دیں تو میری خوشی کچھ ایسی ہی ہوتی ہے۔‘

’علیم ڈار اپنی جیت کا جشن مناتے ہوئے‘، ’دن کی بہترین تصویر‘ اور ایسے ہی دیگر کیپشن کے ساتھ یہ تصویر سوشل میڈیا سائٹس پر زیرگردش ہے۔

خیال رہے کہ  علیم ڈار کے فیصلوں کی پوری دنیا معترف ہے جنہوں نے ٹیکنالوجی کو بھی پیچھے چھوڑ رکھا ہے، تاہم حال ہی میں ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ان کا فیصلہ تبدیل ہوا تھا۔

پاکستان کے عظیم امپائر علیم ڈار کا پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پہلی مرتبہ فیصلہ تبدیل ہوا تھا۔

یاد رہے کہ علیم ڈار کی عدم دستیابی کے باعث پی ایس ایل کے میچ آفیشلز کی تقرری میں تبدیلی کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق علیم ڈار افغانستان بمقابلہ زمبابوے سیریز کے باعث 25 فروری سے 14 مارچ تک دستیاب نہیں ہوں گے۔

علیم ڈار اب 23 اور 24 فروری کے شیڈول لیگ میچز میں امپائرنگ کریں گے۔

اسی طرح 12، 13، 14 اور 15 مارچ کو شیڈول میچز میں علیم ڈار کی جگہ ضمیر حیدر، راشد ریاض اور آصف یعقوب امپائرنگ کریں گے۔