شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کے نائب کپتان مقرر

0
843

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے نامور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی لیگ کے تیسرے ایڈیشن سے مستقل قلندرز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں اور ٹیم کے اہم ترین اراکین میں سے ایک ہیں۔

وہ قلندرز کے پلیٹ فارم سے ایک بہترین باؤلر بن کر ابھرے اور پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمین رانا نے کہا کہ شاہین کی تقرری لاہور قلندرز کی نوجوانوں مضبوط لیڈر کے طور پر تیار کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارا اکثر اسکواڈ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ہمارے اپنے پلئرز ڈیولپمنٹ پروگرام سے اس مقام تک پہنچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمیشہ سے ماننا رہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ہمارے اسکواڈ کا اہم حصہ رہے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم انہیں لیڈر کے طور پر تیار کریں۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کا چہرہ ہیں اور فرنچائز کی سوچ کے ساتھ ان کا مثالی لگاؤ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین کمال مہارت کے حامل ایک عالمی معیار کے کرکٹر ہیں اور ٹیم کے لیے ان کی وابستگی بے مثالی رہی ہے اور وہ ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے نائب کپتان بنائے جانے پر فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد ٹیم کو کامیابی سے ہمکنا کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ موقع دیا اور میری نگاہیں ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر مرکوز ہیں۔

لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے سہیل اختر کو کپتان برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی لیگ کی فرنچائز مل؛تان سلطانز نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو اپنا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔