پی ایس ایل 8: کوالیفائر میں قلندرز کو شکست، سلطانز فائنل میں

0
234
Pakistan Super League

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ ایونٹ کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم صرف 76 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سلطانز کے بلے بازوں نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 46 رنز بنائے۔

ایسے میں لاہور قلندرز نے حارث رؤف اور راشد خان کی زبردست گیند بازی کی بدولت واپسی کی۔

حارث رؤف نے 53 کے مجموعے پر گزشتہ میچ کے سنچورین عثمان خان کو بولڈ کیا، انہوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے بعد ایونٹ کے ایک اور سنچورین رائیلی روسو صرف 13 رنز کے مہمان ٹھہرے، انہیں زمان خان نے کیچ آؤٹ کروایا۔

90 کے مجموعے پر راشد خان نے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان کو بولڈ کردیا، رضوان نے 33 رنز بنائے۔

سلطانز کا اسکور 15 اوورز کے اختتام پر جب 97 رنز تھا، ایسے میں کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو 150 کا ہندسہ عبور کروایا۔

آخری اوور میں کیرون پولارڈ اور خوشدل شاہ کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے سلطانز کے اسکور کو بریک لگائی۔ سلطانز کے ٹم ڈیوڈ 22 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں لیں جبکہ راشد خان اور زمان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے بیٹنگ لائن بکھر گئی، سلطانز کے نوجوان بولنگ اٹیک کے سامنے قلندرز کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔

لاہور قلندرز کا کوئی بھی بیٹر 20 کے ہندسے کو بھی نہ چھو سکا۔ سیم بلنگز 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ حارث رؤف نے 15 اور ڈیوڈ ویسا نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شیڈلن کوٹریل نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسامہ میر نے دو جبکہ انور علی، احسان اللّٰہ، عباس آفریدی اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔

بہترین بیٹنگ اور بولنگ پرفارمنس پر کیرون پولارڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کوالیفائر میں اپنی بہترین ٹیم کھلانے کی کوشش کی ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے۔ آخری میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے گروپ میچز میں 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ کیا تھا جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم 12 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر رہی۔

پلیئنگ الیونز:

محمد رضوان نے ملتان سلطانز کی کپتانی کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائیلی روسو، کیرون پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللّٰہ شامل تھے۔

شاہین آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترنے والی لاہور قلندرز فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل تھی۔