قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی ایک مداح کو بھارتی جھنڈے پر آٹوگراف دیتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد آفریدی سے دوحہ میں لیجنڈز لیگ کرکٹ کے ایکشن سے بھرپور سیزن کے دوران ایک مداح نے ترنگے پر آٹو گراف دینے کی درخواست کی۔
مداح کی خواہش پر اُنہوں نے اسے بھارتی جھنڈے پر اپنا آٹوگراف دے دیا۔
شاہد آفریدی کے اس اقدام کی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت تعریفیں کی جارہی ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’اس طرح کے چھوٹے چھوٹے کام دلوں کو جوڑتے ہیں اور امن و محبت کا پیغام دیتے ہیں‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’لالہ عظیم کھلاڑی اور محبت کے حقیقی سفیر ہیں‘۔
واضح رہے کہ اپنے دور کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک، لیجنڈ آل راؤنڈر شاہد آفریدی قطر میں ہونے والے لیجنڈز لیگ کرکٹ کے 2023ء ایڈیشن میں ٹیم ایشیا لائنز کی قیادت کر رہے ہیں۔