رمیز راجا کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کا فیصلہ

0
768

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ اوپنر اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اگلے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے۔

وزیر اعظم ہاؤس کے اسٹاف کی جانب سے رمیز راجا کو فون کر کے ان کی تعیناتی کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے عہدے کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی اور ان کی جگہ یہ عہدہ رمیز راجا کو دیا جائے گا۔

ان قیاس آرائیوں میں اس وقت تیزی آگئی جب 23 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی اور رمیز راجا سے ملاقات کی۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا نے بطور چیئرمین پی سی تقرر کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کی جانب سے جلد رمیز راجا کی گورننگ بورڈ میں تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کیا جائےگا اور کچھ روز بعد پی سی بی میں الیکشنز ہوں گے جس میں انہیں باضابطہ طور پر چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ احسان مانی کے عہدے کی 3 سالہ مدت گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے ’نامکمل‘ کاموں کی تکمیل کے لیے دوسری مدت کی درخواست کی تھی تاہم وزیراعظم نے انگلینڈ کے دورے کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ 3 سال قبل وزیراعظم نے احسان مانی کو پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کا رکن تعینات کیا تھا اور نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد وہ ستمبر 2018 میں چیئرمین پی سی بی منتخب ہوئے تھے۔