راولپنڈی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کو فتح کیلئے 174رنز درکار

0
261

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں پاکستان نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا لیے ہیں اور اسے فتح کے لیے مزید 174 رنز درکار ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے 80رنز دو کھلاڑی آؤت سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔

انگلینڈ کے لیے دن کا آغاز شاندار انداز میں ہوا اور امام الحق گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں صرف پانچ رنز کے اضافے کے بعد جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے۔

تیسری وکٹ گرنے کے ساتھ ہی قومی ٹیم دباؤ میں آ گئی اور سعود شکیل اور نئے بلے باز محمد رضوان نے حد سے زیادہ محتاط انداز اختیار کر لیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے 10 اوورز میں صرف 8رنز بنائے تھے اور جیمز اینڈرسن کے سامنے بالکل بے بس نظر آتے تھے۔

تاہم بعد میں دونوں نے نسبتاً پراعتماد انداز میں بیٹنگ شروع کی اور سعود شکیل نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

جب میچ کے پانچویں دن کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے اور اسے میچ میں فتح کے لیے مزید 174 رنز درکار ہیں۔

دونوں کھلاڑی اب تک چوتھی وکٹ کے لیے 80 رنز جوڑ چکے ہیں، سعود شکیل 63 اور رضوان 42 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے میچ کی پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں کی سنچری کی بدولت 657 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعی اسکور بورڈ پر سجایا تھا۔

اس کے جواب میں اوپنرز کے ساتھ ساتھ کپتان بابر اعظم کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے بھی پہلی اننگز میں 579 رنز بنائے تھے۔

دوسری اننگز میں انگلش ٹیم نے حد سے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا تھا اور 264 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی اور پہلی اننگز کی لیڈ کی بدولت پاکستان کو فتح کے لیے 343رنز کا ہدف دیا تھا۔