دلیپ کمار کا انتقال کے پی کے سے لیکر ممبئی تک کا بہت بڑا نقصان ہے: شاہد آفریدی

0
594

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ دلیپ کمار کا انتقال خیبر پختونخوا سے لیکر ممبئی تک کا بہت بڑا نقصان ہے۔

شاہد آفریدی نے دلیپ کمار کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار کی یادگار تصویر شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’خیبرپختونخوا سے لیکر ممبئی اور پوری دنیا میں یوسف خان صاحب (دلیپ کمار) کے پرستاروں کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘

شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’دلیپ کمار صاحب ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔‘

آخر میں اُنہوں نے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو سے بھی دلی تعزیت کی۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

یاد رہے کہ دلیپ کمار 1922ء میں پشاور کے محلےخداداد میں پیدا ہوئے تھے، دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرکے بنائی۔